15/02/2026
سکھر چیمبر اور TDAP کے اشتراک سے دوسری سکھر ٹریڈ ایگزیبیشن و سیمینار 2026” کا انعقاد۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام سکھر میں دو روزہ دوسری سکھر ٹریڈ شو اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر امیت کمار، نائب صدر ملک محمد اویس رئیس، سابقہ صدر عامر علی خان غوری، سابقہ نائب صدور محمد یعقوب ملک، عبدالمجید قریشی، فرحت اللہ آخوند، اراکین اور سکھر سمیت ملک بھر کے کاروباری حلقے کے افراد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لے کراسٹال لگائے اور اپنی مصنوعات و سروسز کی نمائش کی ۔ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر سندھ خیر محمد شیخ، ڈی جی ٹی ڈی اے پی عبدالکریم میمن, سکھر چیمبر کے سینئر نائب صدر، نائب صدر و اراکین, TDAP سے فدا حسین مہیسر، میر محسن بلو اور ڈی جی محکمہ زراعت سندھ اللہ ورایو رند نے سیمینار کا افتتاح کیا۔ معززین نے سکھر چیمبر کے اراکین کے اسٹالز سمیت تمام اسٹالز کا دورہ بھی کیا ۔افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمانِ خصوصی و دیگر مہمانوں، سکھر چیمبر کے سینئر نائب صدر امیت کمار ،خیرپور چیمبر آف کامرس کی بانی شبنم ظفر صاحبہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے انعقاد سے سکھر ریجن کے برآمد کنندگان استفادہ حاصل کرسکیں گے جس کے سبب معاشی و سماجی ترقی عمل میں آئے گی ۔انہوں نے اس طرح کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔ سینئر نائب صدرِ ایوان نے مزید کہا کہ یہ نمائش دراصل مقامی صنعتکاروں، برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کیلئے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ نہ صرف اپنی مصنوعات کی نمائش کریں بلکہ ملکی و غیر ملکی خریداروں سے براہِ راست روابط قائم کریں۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ہم “میڈ اِن سکھر” اور “میڈ اِن پاکستان” کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں۔