27/04/2025
گوشت کیسے خریدیں ؟
جب بھی آپ گوشت خریدنے جائیں تو کچھ بنیادی باتوں کا خیال رکھیں ۔ اگر گوشت پر لگی چربی کی مقدار بہت کم اور چوڑے کمزور مگر لمبے ہوں تو یہ اس بات کی نشانی ہے کہ جانور کمزور اور عمر رسیدہ تھا کیونکہ فربہ اور صحت مند جانور کا گوشت بیرونی طور پر چربی سے تقریباً ڈھکا ہوا ہوتا ہے اور چوڑے وغیرہ کا گوشت تو گویا چربی کی دبیز تہہ میں چھپا ہوا ہوتا ہے۔ اگر چربی کا رنگ سفید ہوگا تو یہ کٹے کے گوشت کی علامت ہے اور اگر چربی پیلے رنگ یا پیلاہٹ لئے ہوئے ہوگی تو یہ گائے یا بچھڑے کا گوشت ہوگا ۔
مکمل پیلی چربی اور بہت زیادہ سرخ رنگ کا گوشت یہ ظاہر کرتا ہے کہ جانور پکی عمر کا ہے ۔اسی طرح بہت ڈھیلا ، پیلا، ڈھلکتا ہوا اور لجلجا سا گوشت بیمار جانور کی نشانی ہے ۔
صحت مند جانور کا گوشت چمکدار ، مچھلی والی جگہوں پر قدرے نیلگوں لہریں ، ہڈیوں اور گوشت کا مناسب توازن اور چربی کی پرتیں ظاہر کرتی ہیں کہ گوشت معیاری ہے ۔
یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ضروری نہیں کہ جو گوشت قصائی بھائی نے ڈسپلے پہ لگا رکھا ہو وہی آپ کو بھی دے گا ۔ عموماً قصائی ایک دوسرے کے فطری اتحادی ہوتے ہیں اور مل جل کر کام کرتے ہیں ۔ اگر ایک کے ہاتھ سستا اور بیمار جانور لگ جائے تو اس کے حصے بخرے کر کے مارکیٹ کے سب قصائی بانٹ لیتے ہیں اور ساتھ ہی صحت مند جانور کو بھی بانٹ کر اپنے اپنے ڈسپلے پہ لگا دیتے ہیں ۔ دکھاتے کچھ ہیں اور دیتے کچھ ہیں۔ گوشت خریدتے جو گوشت آپ کیلئے کاٹا جارہا ہے اس کی رنگت اور ساخت پر دھیان دیں اور اس کا اور ڈسپلے پہ لگے چَوڑے کا موازنہ کریں۔ بہتر ہے کہ ڈسپلے والے پیس سے ہی لیں۔
( اس پر مزید تفصیل سے لکھنا جاری رہے گا)
طارق نعیم شاہ