07/08/2026
نارووال: نواحی گاؤں رعیہ گورائیہ اور بوبک میں سولر پینلز کی چوری، ایک مشتبہ شخص پولیس کے حوالے
نارووال کے نواحی گاؤں رعیہ گورائیہ اور بوبک میں گزشتہ رات نامعلوم افراد نے سولر پینلز چوری کرنے کی واردات کی۔ مقامی افراد کے مطابق ملزمان نے تقریباً 16 سولر پینلز اتارے، جن میں سے 13 ساتھ لے گئے جبکہ 3 موقع پر ہی چھوڑ گئے۔
دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ صبح سے مشتبہ افراد کی تلاش جاری تھی، جس کے دوران ایک مشتبہ شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ تقریباً 5 سے 6 افراد پر مشتمل گروہ تھا، جبکہ دیگر افراد خود کو مسافر ظاہر کرتے ہوئے وہاں سے نکل گئے۔
اہلِ علاقہ کے مطابق گرفتار کیے گئے ڈرائیور کو صدر تھانہ نارووال کی حدود میں قائم چوکی ڈومالہ کے انچارج عمر زمان کی نگرانی میں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ زیرِ حراست شخص نے جرم کا اعتراف کیا ہے، تاہم اس کی سرکاری تصدیق پولیس کی جانب سے ہونا باقی ہے۔
پولیس نے شام تک مزید پیش رفت اور تفصیلات سے آگاہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
گاؤں کے رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں، تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور چوری شدہ سولر پینلز سمیت دیگر سامان برآمد کر کے متاثرین کو واپس دلایا جائے رپورٹ بشیر گجر بیورو چیف اے ون نیوز نارووال