26/11/2025
دریائی مچھلی vs فارمی مچھلی ، کچھ غلط فہمیاں
مجھے حیرت ہوتی ہے جب میں دیکھتا ہوں کہ لوگ فارمی مچھلی کو فارمی مرغی سے تشبیہ دے کر لوگوں میں غلط فہمی اور بددلی پھیلاتے ہیں ۔ فارمی مچھلی اور فارمی مرغی میں کوئی تقابل بنتا ہی نہیں بلکہ محض لفظ "فارم" کی وجہ سے شباہت پیدا ہوگئی ہے ۔ فارمی مچھلی اور دریائی مچھلی میں اگرچہ ذائقے میں فرق ہوسکتا ہے مگر غذائیت اور صحت کیلئے فائدے میں دونوں برابر ہیں ۔ اس کیلئے آپ کو مچھلی کے ماحول اور خوراک کا جائزہ لینا ہوگا ۔
مچھلی فارم کی ہو یا دریا کی ، دونوں کی قدرتی خوراک تقریباً ایک جیسی ہی ہوتی ہے سوائے کچھ مستثنیات کے ۔ہم پاکستان میں فارموں میں پالی جانے والی %90 مچھلی رہو کی مثال لے لیتے ہیں ۔
رہو اپنی زندگی کے ابتدائی دنوں میں پانی میں پائے جانے والے خوردبینی جاندار کھاتی ہے ۔ انہیں zooplankton کہتے ہیں ۔ یہ آبی جاندار ہر تازہ پانی میں موجود ہوتے ہیں اور رہو کی بنیادی یعنی %70 خوراک انہیں پر مشتمل ہوتی ہے ۔
جب رہو یا ڈمرا مچھلی بڑی ہوجاتی ہے تو zooplankton کے ساتھ ساتھ phytoplankton کا استعمال بطورِ خوراک کرنا شروع کردیتی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ پانی میں پائے جانے والی دیگر آبی مخلوقات ، گلے سڑے چھوٹے اجزاء ، خوردبینی گھاس جیسے ایلجی ، فنجائی اور گلے سڑے پودے بھی اس کی خوراک کا حصہ بنتے ہیں ۔
اب
سوال یہ ہے کہ ایک فارم میں یہ تمام اجزاء کہاں سے آتے ہیں ۔ اصل میں زوپلانکٹون ، فائیٹو پلانکٹون اور دیگر ان گنت آبی مخلوقات پانی میں موجود یک خلوی پودوں ، خصوصاً الجی اور فنجائی کو کھا کر بڑھتے ہیں اور اپنی نسل بڑھاتے ہیں ۔
ایک چمچ پانی میں ہزاروں کی تعداد میں یہ مخلوقات پائی جاتی ہیں جنہیں ہم دیکھ بھی نہیں سکتے ۔
آپ نے دیکھا ہوگا کہ مچھلی کے تالابوں کے پانی کا رنگ سبزی مائل ہوتا ہے ۔ یہ سبز رنگ اصل میں پانی میں موجود انہی کھربوں کی تعداد میں پائے جانے والے یک خلوی پودوں کی وجہ سے نظر آتا ہے ۔
ایک مچھلی فارم میں کسان ہمیشہ پانی کو سرسبز رکھنے کیلئے نامیاتی اور غیر نامیاتی کھادوں کا استعمال کرتاہے ۔ان کھادوں سے سبزہ بڑھتا ہے ، سبزے کو خودبینی آبی جاندار کھاتے ہیں اور ان جانداروں کو آگے مچھلی کھاتی ہے ۔
مچھلی کے اضافی وزن کیلئے اس کی کل خوراک کا صرف %30 حصہ فارم میں مچھلی کو کھانے کیلئے دیا جاتا ہے ۔ یہ خوراک رائس پالشنگ ، چوکر ، مکئی ، سویابین ، چاول کے ٹوٹے اور گندم وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے ۔
اب اس مضمون کو پڑھنے کے بعد مجھے بتائیں کے فارمی مچھلی اور فارمی مرغی کے درمیان موازنہ بنتا ہے ؟
فارم کی مچھلی کو تازہ پانی ، وافر آکسیجن ، قدرتی ماحول اور قدرتی خوراک مہیا کی جاتی ہے تب یہ زندہ رہ پاتی ہے ۔مچھلی میں اج تک کوئی جینیٹک تبدیلی ، ہارمونک تبدیلی یا اس کے کسی اندرونی سسٹم کے ساتھ الحمداللہ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی گئی ۔ یہ سو فیصد دریائی نسل ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ۔
اب آگے فیصلہ آپ کریں کہ فارمی مچھلی کا فارمی مرغی سے بھلا کوئی موازنہ بنتا ہے ؟
آج سے آپ اپنے ذہن سے یہ غلط تصور اور نظریہ نکال باہر کریں اور بلا جھجھک مچھلی خریدیں ۔ دریائی مچھلی کے نام پر (جو کہ اکثر فارمی ہی ہوتی ہے جو دریائی کے نام پر بیچی جاتی ہے ) زیادہ پیسے ضائع کرنے کے بجائے صرف مچھلی خریدیں ۔
اگرچہ میرے نزدیک دریائی اور فارم کی مچھلی میں غذائیت کا کوئی خاص فرق نہیں ہوتا مگر ذائقے کچھ حد تک فرق ممکن ہے کیونکہ پانی کی ساخت اور ماحول میں فرق موجود ہوتا ہے ۔
یاد رکھیں ، مچھلی مچھلی ہوتی ہے ، دریائی ہو یا فارمی !